لتا منگیشکر کے نغموں کی فہرست
نغموں کی فہرست / From Wikipedia, the free encyclopedia
لتا منگیشکر بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں 28 ستمبر 1929ء کو پیدا ہوئیں۔ بھارت رتن اعزاز یافتہ بھارت کی نامور گلوکارہ لتا منگیشکر نے ہیما سے لتا منگیشکر تک کا سفر انتہائی محنت اور جانفشانی سے طے کرتے ہوئے قومی ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی شہرت حاصل کی۔ لتا کا بطور گلوکارہ اور اداکارہ فلموں میں آغاز 1942ء میں مراٹھی فلم ’’کیتی هسال‘‘ سے ہوا۔ لیکن بدقسمتی سے یہ گیت فلم میں شامل نہیں کیا گیا۔ سال 1942ء میں لتا منگیشکر کے والد دینا ناتھ کی وفات کے بعد لتا نے کچھ برسوں تک ہندی اور مراٹھی فلموں میں کام کیا، جن میں ان کی پہلی ہندی فلم آپ کی سیوا میں تھی دیگر اہم فلموں میں ’’ میرا بائی‘‘، ’’ پہیلی مگلاگور‘‘، ‘‘ماجھے بال‘‘، ’’ گجا بھاو‘‘، ’’ چھمكلا دنیا‘‘، ’’بڑی ماں‘‘، ’’زندگی سفر‘‘ اور ’’ چھترپتی شیواجی ‘‘ شامل ہیں۔ لیکن لتا کی منزل تو گانے اور موسیقی ہی تھے۔ بچپن ہی سے سنگیت کا شوق تھا اور موسیقی میں ان کی دلچسپی تھی۔ لتا کو بھی سینما کی دنیا میں کیریئر کے ابتدائی دنوں میں کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ ان کی پتلی آواز کی وجہ سے آغاز میں موسیقار فلموں میں ان کو گانے سے سے منع کر دیتے تھے۔ لیکن اپنی لگن کے زور پر اگرچہ آہستہ آہستہ انھیں کام اور شناخت دونوں ملنے لگے۔
1947ء میں منظر عام پر آنے والی فلم ’’ آپ کی سیوا میں ‘‘ میں گائے گئے گیت سے لتا کو پہلی بار بڑی کامیابی ملی اور پھر انھوں نے پیچھے مڑ كر نہیں دیکھا۔ 1949ء میں گیت ’’ آئے گا آنے والا ‘‘، 1960ء میں ’’ او سجنا برکھا بہار آئی ‘‘، 1958ء میں ’’ آجا رے پردیسی ‘‘، 1961ء میں ’’ اتنا نا مجھ سے تو پیار بڑھا ‘‘، ’’ اللہ تیرو نام ‘‘، ’’ احسان تیرا ہوگا مجھ پر‘‘ اور 1965ء میں ’’یہ سماں، سماں ہے یہ پیار کا ‘‘ جیسے گیتوں کے ساتھ ان کے پرستار اور ان کی آواز کے چاہنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھتی گئی۔ ان کی بہن آشا بھوسلے نے بھی گلوکاری میں اہم مقام حاصل کیا اور ایک وقت ایسا بھی آیا کہ دونوں بہنوں کی آوازیں بھارتی فلم انڈسٹری پر چھا گئیں۔
بھارتی فلم صنعت میں دیدی کے نام سے پہچانی جانے والی لتا منگیشکر نے اپنے کیریئر میں مختلف زبانوں میں پچاس ہزار سے زائد گانے گائے ہیں۔ ان میں 1974ء سے 1991ء تک سب سے زیادہ گانے ریکارڈ کرانے پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج کیا جا چکا ہے۔ وہ محمد رفیع، کشور کمار اور مکیش سمیت اپنے دور کے تمام کامیاب گلوکاروں کے ساتھ اپنی آواز کا جادو جگا چکی ہیں۔ لتا منگیشکر کو ان کی گائیکی کی بدولت متعدد بڑے اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ان کے گیتوں کو پسند کرنے والوں کی چاہت ہے۔[1]
مندرجہ ذیل فہرست نامکمل ہے، فی الحال ان میں لتا کے مشہور گانوں کو ہی درج کیا گیا ہے۔